اسلام کامادہ سلم ہے جس کے ایک معنی امن و عافیت کے ہیں۔ دین اسلام صرف نام کے اعتبار سے ہی امن کی علامت نہیں بلکہ اس کی تعلیمات بھی امن کی دولت سے بھرپور ہیں۔ اسی طرح پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی بھی امن و سلامتی کی بولتی تصویر نظر آتی ہے۔ ڈاکٹر حمیداللہ پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر اور ایک علمی مقام کے حامل ہیں۔ زیر مطالعہ کتاب میں انھوں نے بہت سے دلائل و امثلہ کے ذریعے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو امن کے سب سے بڑے پیغمبر ثابت کیا ہے۔ مختصر سی کتاب میں انھوں نے اسلام کے عطا کردہ حدود و تعزیرات کو امن کی سب سے بڑی ضمانت قرار دیا۔ ڈاکٹر موصوف نے دہشت گردی کا مفہوم واضح کرتے ہوئے اس کے اسباب اور تدارک کے لیے چند تجاویز بھی دی ہیں۔ کتاب کے آخر میں انھوں نے قتال سے متعلق اسلام کی ہدایات کا تذکرہ کرتے ہوئے معاشی مساوات و عدل پر روشنی ڈالی ہے۔