تاریخ ایک ضروری اور مفید علم ہے اس سے ہم کو دنیا کی تمام نئی اور پرانی قوموں کےحالات معلوم ہوتے ہیں او رہم ان کی ترقی اورتنزلی کےاسباب سے واقف ہوجاتے ہیں ہم جان جاتے ہیں کہ کس طرح ایک قوم عزت کےآسمان کا ستارہ بن کر چکمی اور دوسری قوم ذلت کے میدان کی گرد بن کر منتشر ہوگئی۔اور مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ دنیا میں مذہب اسلام کی ابتداء انسان کی پیدائش کے ساتھ ہوئی ۔ دنیا میں جس قدر پیغمبر آئے ان سب نے اپنی امت کو اسلام ہی کاپیغام سنایا۔یہ ضرور ہے کہ خدا کایہ پیغام دنیا کے ابتدائی زمانہ میں اس وقت کی ضرورتوں ہی کے مطابق تھا جب دنیا نے ترقی کی منزل میں قدم رکھا اور اس کی ضرورتوں میں اضافہ ہوا تو اللہ تعالیٰ کے آخری نبی محمد عربی ﷺ اس پیغام کو مکمل صورت میں لے کر آئے۔ عام طور پر اللہ تعالیٰ کے اس مکمل پیغام کو ہی اسلام کہا جاتاہے ۔ اس لیے تاریخ ِاسلام سے اس گروہ کی تاریخ مراد لی جاتی ہے جس نے اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے اس مکمل اسلام کو قبول کیا ۔دنیا کی اکثر قوموں کی تاریخ ، کہانیوں اور قصوں کی صورت میں ملتی ہے ۔ مگر اسلام کی تاریخ میں یہ بات نہیں ہے ۔ اور مسلمانوں نے شروع ہی سے اپنی تاریخ کو مستند طور پر لکھا ہے اور ہر بات کا حوالہ دےدیا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ دنیا کی تاریخ میں ’’ تاریخ اسلام‘‘ ایک خاص امتیاز رکھتی ہے ۔اسلام کا ماضی اس قدر شاندار ہے کہ دنیا کی کوئی ملت اس کی نظیر پیش نہیں کرسکتی ۔ تاریخ اسلام کے ایک ایک باب میں حق پرستی، صداقت شعاری ، عدل گستری او رمعارف پروری کی ہزاروں داستانیں پنہاں ہیں ۔ مسلمان بچوں کواگر پچپن ہی سے اپنے اسلاف کےان زریں کارناموں سےواقف کرادیا جائے تووہ اپنے لیے اور ملک وملت کےلیے بہت مفید ثابت ہوسکتے ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’تاریخ ملت ‘‘ تین جلدوں پر مشتمل جناب مفتی زین العابدین سجاد میرٹھی اور مفتی انتظام اللہ شہابی اکبر آبادی کی تصنیف ہے ۔اس کتاب میں تاریخ عالم قبل اسلام سے لے کر مغلیہ سنطنت کے آخری تاجدار اور بہادر شاہ ظفر تک ملت اسلامیہ کی تیرہ سوسالہ مکمل تاریخ ہے ۔ افراد او راقوام کےنشیب وفراز اور عروج وزوال کی دستانوں پر مشتمل مفید عام کتاب ہے جو تاریخ اسلام کی بے شمار کتب سے بے نیاز کردیتی ہے ۔ سلیس زبان عام فہم اور آسان طرزِ بیان، مدارس،سکولوں ، کالجوں اور جامعات کے استاتذہ وطلباء کےلیے یکساں فائدہ مند ہے ۔ہر اچھی لائبریری اور پڑھے لکھے گھرانے میں رکھنے لائق ہے ۔
|
Contact usAlcock St, Maddington, WA, 6109
|
MAIN BOOKSHELVES |
|